سردی کی لہر کے 18 جنوری تک جاری رہنے کا امکان ہے، محکمہ موسمیات
01-08-2026
(لاہور نیوز) ڈائریکٹر محکمہ موسمیات عبدالعزیز نے کہا کہ سردی کی شدید لہر کے 18 جنوری تک جاری رہنے کا امکان ہے۔
لاہور میں زیادہ سے زیادہ اور کم سے کم درجہ حرارت کے درمیان فرق میں مسلسل کمی واقع ہو رہی ہے، جس کے باعث سردی کی شدت میں نمایاں اضافہ محسوس کیا جا رہا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں دن اور رات کے درجہ حرارت کا فرق کم ہونے سے سردی زیادہ شدت کے ساتھ برقرار ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اس وقت لاہور میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 12 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 5 ڈگری سینٹی گریڈ تک نیچے آ چکا ہے، ماہرین کے مطابق آنے والے دنوں میں کم سے کم درجہ حرارت مزید کم ہو کر 3 ڈگری سینٹی گریڈ تک گرنے کا امکان ہے۔ ڈائریکٹر محکمہ موسمیات عبدالعزیز کے مطابق دن اور رات کے درجہ حرارت کے درمیان فرق کم ہونے کی وجہ سے سردی زیادہ شدت کے ساتھ محسوس ہو رہی ہے، جبکہ سردی کی جاری شدید لہر کے 18 جنوری تک برقرار رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ سردی سے بچاؤ کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کریں، خصوصاً بزرگوں، بچوں اور بیمار افراد کا خاص خیال رکھا جائے۔