سرکاری ہسپتالوں میں موبائل فون کے استعمال پر پابندی عائد

01-08-2026

(لاہور نیوز) محکمہ صحت نے سرکاری ہسپتالوں میں نظم و ضبط بہتر بنانے اور مریضوں کی دیکھ بھال کو مؤثر بنانے کیلئے دورانِ ڈیوٹی موبائل فون کے استعمال پر پابندی عائد کر دی۔

یہ پابندی 18 سکیل سے نیچے کے تمام ملازمین پر لاگو ہو گی، محکمہ صحت کی جانب سے صوبے کی تمام پبلک سیکٹر میڈیکل یونیورسٹیوں، میڈیکل کالجز اور ٹیچنگ ہسپتالوں کو باقاعدہ مراسلہ جاری کر دیا گیا۔ مراسلے کے مطابق اس سے قبل بھی موبائل فون کے استعمال پر پابندی کا حکم جاری کیا گیا تھا، تاہم کسی بھی ہسپتال  نے اس پر عمل درآمد نہیں کیا تھا۔ محکمہ صحت نے ایک بار پھر موبائل فون کے استعمال پر پابندی کا نیا نوٹیفکیشن جاری کیا، مراسلے میں واضح کیا گیا ہے کہ سٹاف کے موبائل فون کے غیر ضروری استعمال سے مریضوں کی دیکھ بھال اور ہسپتال کے انتظامی امور شدید متاثر ہو رہے ہیں۔ مراسلے کے مطابق ہسپتالوں کے تمام کلینیکل اور سروس ڈیلیوری ایریاز میں دورانِ ڈیوٹی موبائل فون کے استعمال پر مکمل پابندی ہو گی، البتہ انتظامی افسران کو سرکاری مقاصد کیلئے موبائل فون استعمال کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔ محکمہ صحت نے ادویات کی چوری کی روک تھام کیلئے بھی سخت اقدامات کا اعلان کیا ہے، فارمیسی سٹورز، ڈسپنسنگ کاؤنٹرز اور ہسپتالوں کے داخلی و خارجی راستوں پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے جائیں گے، جبکہ فارمیسی اور سکیورٹی عملے کیلئے باڈی کیمرے لازمی قرار دے دیئے گئے ہیں۔ مراسلے میں یہ بھی ہدایت دی گئی ہے کہ باڈی کیمروں کی ریکارڈنگ کم از کم 30 دن تک محفوظ رکھی جائے گی تاکہ کسی بھی شکایت یا انکوائری کی صورت میں شواہد دستیاب ہوں۔ دوسری جانب یہ سوال بھی اٹھایا جا رہا ہے کہ سابقہ احکامات پر عمل درآمد کیوں نہ ہو سکا، جو محکمہ صحت اور ہسپتال انتظامیہ کی کارکردگی پر ایک سوالیہ نشان بن چکا ہے۔ محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ اس بار احکامات پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا اور خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ عملے کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔