حنا پرویز بٹ کی جنرل ہسپتال آمد، زیرِ علاج طالبہ اور اہلِ خانہ سے ملاقات کی
01-08-2026
(لاہور نیوز) نجی یونیورسٹی میں زیرِ تعلیم طالبہ کے اقدامِ خودکشی کے واقعے پر چیئرپرسن پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی حنا پرویز بٹ نے جنرل ہسپتال کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے زیرِ علاج طالبہ اور اس کے اہلِ خانہ سے ملاقات کی۔
حنا پرویز بٹ کے مطابق طالبہ ہوش میں آنے کے بعد وینٹی لیٹر سے ہٹا دی گئی ہے اور اس کی حالت میں نمایاں بہتری دیکھی جا رہی ہے، انہوں نے ڈاکٹرز کو ہدایت کی کہ طالبہ کے علاج کیلئے تمام دستیاب طبی وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ چیئرپرسن ویمن پروٹیکشن اتھارٹی نے کہا کہ طالبہ کی جان اولین ترجیح ہے اور جنرل ہسپتال انتظامیہ علاج کے ہر مرحلے کی سخت مانیٹرنگ یقینی بنائے، ان کا کہنا تھا کہ طالبہ کو بہترین طبی، نفسیاتی سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ وہ مکمل صحت یاب ہو سکے۔ حنا پرویز بٹ نے پولیس کو واقعے کی مکمل، شفاف اور غیر جانبدارانہ انکوائری کی واضح ہدایات بھی جاری کیں، انہوں نے کہا کہ تحقیقات میں یونیورسٹی انتظامیہ، گھریلو کشیدگی اور واقعے سے جڑے تمام پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لیا جائے۔ ابتدائی تفتیش میں طالبہ کے شدید ذہنی دباؤ کا انکشاف سامنے آیا ہے، جبکہ پسند کی شادی اور تعلیم سے متعلق دباؤ کے پہلوؤں کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے، حنا پرویز بٹ کے مطابق واقعے سے قبل کی آخری کال اور موبائل فون ریکارڈ کی فرانزک جانچ کی جا رہی ہے اور واقعے سے قبل و بعد کے تمام حقائق قانون کے مطابق سامنے لائے جائیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ طالبہ پر کسی قسم کے دباؤ، ہراسانی یا ذہنی اذیت کے عناصر کو انتہائی سنجیدگی سے دیکھا جائے گا، جبکہ تحقیقات کے دوران متاثرہ طالبہ اور اس کے اہلِ خانہ کے وقار اور رازداری کا مکمل تحفظ یقینی بنایا جائے گا۔ چیئرپرسن ویمن پروٹیکشن اتھارٹی نے طالبات اور خواتین کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ اگر وہ کسی ذہنی دباؤ کا شکار ہوں تو خاموش نہ رہیں اور فوری مدد حاصل کریں، خواتین کیلئے محفوظ پنجاب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا واضح اور عملی وژن ہے، جس پر حکومت پوری سنجیدگی سے عمل پیرا ہے۔