لاہور ہائیکورٹ میں تعینات اہلکاروں پر دورانِ ڈیوٹی موبائل فون کے استعمال پر پابندی عائد

01-08-2026

(لاہور نیوز) لاہور ہائیکورٹ میں سکیورٹی انتظامات کو مزید مؤثر اور فول پروف بنانے کیلئے اہم اقدامات کر لئے گئے۔

لاہور ہائیکورٹ میں تعینات سکیورٹی اہلکاروں کے دورانِ ڈیوٹی موبائل فون استعمال کرنے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے، ایس پی ہائیکورٹ کے مطابق دورانِ ڈیوٹی موبائل فون استعمال کرنے والے کسی بھی اہلکار کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی، اس پابندی کے تحت سکیورٹی پر مامور اہلکاروں سے موبائل فونز واپس  لے لئے گئے ہیں۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ مس عالیہ نیلم  نے لاہور ہائیکورٹ میں سکیورٹی انتظامات کو فول پروف بنانے کے واضح احکامات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہائیکورٹ میں داخل ہونے والی ہر گاڑی کی مکمل سرچنگ کی جائے، عدالت میں داخل ہونے والے ہر شخص کی جامع اور مکمل تلاشی کو بھی یقینی بنایا جائے۔ عدالتی ذرائع کے مطابق ان اقدامات کا مقصد سکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچاؤ اور عدالت کے ماحول کو محفوظ بنانا ہے، ہائیکورٹ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ احکامات پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے گا۔