شہید کانسٹیبل محمد عمران کے اہلخانہ کو گھر دے دیا گیا ، ترجمان پنجاب پولیس
01-08-2026
(لاہور نیوز) پنجاب پولیس نے اپنے شہداء کے اہلِ خانہ کی فلاح و بہبود کے عزم کو عملی شکل دیتے ہوئے فرض کی راہ میں جامِ شہادت نوش کرنے والے ایک اور اہلکار کے خاندان کو رہائش فراہم کر دی۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق شہید کانسٹیبل محمد عمران کے اہلِ خانہ کو ایک کروڑ 35 لاکھ روپے مالیت کا گھر دے دیا گیا ہے، شہید کے اہلِ خانہ کی خواہش کے مطابق رحیم یار خان کی ایک نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں گھر خرید کر دیا گیا۔ یہ اقدام آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی خصوصی کاوشوں کا نتیجہ ہے، جن کی سفارش پر حکومتِ پنجاب نے شہید کے اہلِ خانہ کیلئے گھر کی مد میں فنڈز جاری کئے۔ شہید کانسٹیبل محمد عمران نے سال 2024ء میں کچہ کے علاقے میں ڈاکوؤں کے خلاف کارروائی کے دوران فائرنگ کے نتیجے میں جامِ شہادت نوش کیا، شہید کے پسماندگان میں اہلیہ، تین بیٹے اور ایک بیٹی شامل ہیں۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے شہید کانسٹیبل محمد عمران کی لازوال قربانی کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ محمد عمران نے اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر فرائض کی ادائیگی کے دوران عظیم قربانی دی، انہوں نے واضح کیا کہ پنجاب پولیس اپنے بہادر فرزندوں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔ ڈاکٹر عثمان انور نے مزید کہا کہ پنجاب پولیس شہید کانسٹیبل محمد عمران سمیت 1700 سے زائد شہداء کی امین فورس ہے اور شہداء کے اہلِ خانہ کی فلاح و بہبود پولیس کی اولین ترجیح رہے گی۔