برائلر گوشت کے نرخوں میں کمی نہ ہوئی، قیمت 595 روپے کلو مقرر
01-08-2026
(لاہور نیوز) شہر میں پولٹری مصنوعات کی قیمتیں بدستور عدم استحکام کا شکار ہیں، جہاں برائلر مرغی اور انڈوں کے نرخوں میں کسی قسم کی کمی دیکھنے میں نہیں آئی۔
سرکاری نرخ نامے کے مطابق برائلر گوشت کی قیمت 595 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے، تاہم شہریوں کو صاف گوشت 670 روپے فی کلو تک فروخت کیا جا رہا ہے۔ زندہ برائلر کے نرخوں کی بات کی جائے تو فارم گیٹ ریٹ 383 روپے فی کلو مقرر کیا گیا ہے، جبکہ ہول سیل مارکیٹ میں زندہ برائلر 397 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہا ہے، پرچون بازاروں میں یہی زندہ برائلر 411 روپے فی کلو تک پہنچ چکا ہے، جس پر شہریوں نے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ دوسری جانب انڈوں کی قیمتوں میں بھی کمی نہ ہو سکی، انڈوں کی سرکاری قیمت 320 روپے فی درجن برقرار ہے، تاہم مارکیٹ میں فی انڈہ 30 روپے تک فروخت ہو رہا ہے، ہول سیل مارکیٹ میں انڈوں کی ایک پیٹی کی قیمت 9 ہزار 480 روپے مقرر کی گئی ہے۔