تبادلے کے خواہشمند اساتذہ کیلئے نئی ہدایات جاری
01-07-2026
(لاہور نیوز) پنجاب سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے اساتذہ کے تبادلوں سے متعلق نئی ہدایات جاری کرتے ہوئے واضح کردیا ہے کہ تعلیمی سیشن مکمل ہونے تک کسی بھی قسم کے تبادلے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
محکمہ تعلیم کے مطابق ای ٹرانسفر پالیسی 2024 پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں، محکمہ تعلیم کا کہنا ہے کہ نئی پالیسی کے تحت صرف وہی اساتذہ تبادلے کے اہل ہوں گے جنہوں نے اپنی موجودہ تعیناتی پر کم از کم تین سال مکمل کر لیے ہوں،اس اقدام کا مقصد تعلیمی نظام میں استحکام پیدا کرنا اور طلبہ کی پڑھائی کو متاثر ہونے سے بچانا ہے۔ محکمے کی جانب سے جاری کردہ ہدایات میں مزید کہا گیا ہے کہ تبادلے کے خواہشمند اساتذہ کو درخواست دینے سے قبل اپنی تمام تعلیمی اور انتظامی ذمہ داری مکمل کرنا لازمی ہوگا، ان ذمہ داریوں میں امتحانی نتائج کی تیاری، رزلٹ کا بروقت اعلان اور والدین و اساتذہ کے اجلاسوں (پیرنٹ ٹیچر میٹنگز) کا انعقاد شامل ہے۔ محکمہ تعلیم کے مطابق اساتذہ کو اپنی ذمہ داریاں مکمل کرنے کی تصدیق کے لیے اپنے متعلقہ ہیڈ ٹیچر سے باقاعدہ سرٹیفکیٹ حاصل کرنا ہوگا۔ ہدایات میں واضح کیا گیا ہے کہ اس سرٹیفکیٹ کے بغیر کسی بھی استاد کے تبادلے کی درخواست منظور نہیں کی جائے گی اور نہ ہی انہیں موجودہ تعیناتی سے فارغ کیا جائے گا۔