صوبائی ترقیاتی ورکنگ پارٹی نے 54 ارب کے ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دیدی
01-07-2026
(لاہور نیوز) صوبائی ترقیاتی ورکنگ پارٹی (PDWP) کے 56ویں اجلاس میں صوبے بھر کے مختلف ترقیاتی منصوبوں کے لیے 54 ارب روپے کے فنڈز کی منظوری دے دی گئی۔
اجلاس میں لاہور، سرگودھا، خانیوال اور شیخوپورہ میں ایکوا بزنس ہب کے قیام کے لیے 49 ارب روپے کی منظوری دی گئی، اس کے علاوہ سرگودھا روڈ پر ڈوڈا کرسٹل کیمیکل مل سے جسوال بھابھرا تک سڑک کی تعمیر و مرمت کے لیے ایک ارب روپے مختص کیے گئے۔ صوبائی ترقیاتی ورکنگ پارٹی نے پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے لیے پروگرام مینجمنٹ یونٹ کے قیام کی منظوری دیتے ہوئے 2 ارب 50 کروڑ روپے منظور کیے جبکہ ضلع حافظ آباد میں دریائے چناب کے بائیں کنارے کٹاؤ سے تحفظ کے منصوبے کے لیے 1 ارب 30 کروڑ روپے کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں انٹیگریٹڈ کرمنل جسٹس سسٹم منصوبے اور پنجاب ریسورس مینجمنٹ اینڈ پالیسی یونٹ کی تنظیم نو سے متعلق پوزیشن پیپرز کی بھی منظوری دی گئی۔