جعلی کالز اور پیغامات، پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی نے عوام کو خبر دار کر دیا

01-07-2026

(لاہور نیوز) جعلی اور اسپوف شدہ یو اے این نمبروں سے آنے والی کالز اور پیغامات کے حوالے سے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے عوام کو خبردار کر دیا۔

پی ٹی اے کے مطابق جعلی اور اسپوف شدہ یو اے این نمبروں سے آنے والی کالز اور پیغامات میں اضافہ ہو رہا ہے، دھوکہ باز خود کو پی ٹی اے، این سی سی آئی اے، بینکوں یا موبائل والٹ سروسز (جیسے ایزی پیسہ اور جاز کیش کا نمائندہ ظاہر کر کے لوگوں سے ذاتی اور مالی معلومات حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ ایسے افراد عام طور پر آپ کی سم، بینک اکاؤنٹ یا موبائل والٹ بند کرنے کی دھمکی دیتے ہیں اور کال، ایس ایم ایس یا واٹس ایپ کے ذریعے اوٹی پی، شناختی کارڈ نمبر، پن یا بائیو میٹرک معلومات حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ پی ٹی اے نے مزید کہا کہ یاد رکھیں، کوئی بھی سرکاری ادارہ یا بینک کبھی بھی کال، میسج یا لنک کے ذریعے آپ کی ذاتی یا مالی معلومات طلب نہیں کرتا، اگر آپ کو ایسی کال یا میسج موصول ہو تو فوری پی ٹی اے CMS کمپلینٹ پورٹل پر رپورٹ کر سکتے ہیں۔  آپ این سی سی آئی اے کو بھی رپورٹ کر سکتے ہیں .https://complaint.nccia.gov.pk تاکہ فراڈ کرنے والوں کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔