سردی بڑھتے ہی شہر کے لنڈے بازاروں کی رونقیں بحال

01-07-2026

(ویب ڈیسک) شہر میں سردی کی شدت بڑھنے کے ساتھ ہی لنڈے بازاروں کی رونقیں ایک بار پھر بحال ہو گئی ہیں۔

حاجی کیمپ اسٹیشن کے لنڈے بازار میں خریداروں کا خاصا رش دیکھنے میں آ رہا ہے، جہاں مرد و خواتین اور بچوں کیلئے گرم جیکٹس، سویٹرز، جرابیں اور دیگر سردیوں کے ملبوسات دستیاب ہیں۔ لنڈے بازار میں مختلف اقسام کے استعمال شدہ مگر بہتر حالت میں کپڑے موجود ہیں جو کم قیمت میں سردی سے بچاؤ کا مؤثر ذریعہ بن رہے ہیں۔ خریداروں کا کہنا ہے کہ رواں سال مہنگائی کے باعث استعمال شدہ کپڑوں کی قیمتوں میں بھی خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے، تاہم پھر بھی یہ بازار نئے ملبوسات کے مقابلے میں نسبتاً سستے ہیں۔ دکانداروں کے مطابق ٹیکسز میں اضافے کی وجہ سے کپڑوں سمیت دیگر اشیائے ضروریہ مہنگی ہو چکی ہیں، جس کے اثرات لنڈے بازاروں پر بھی پڑے ہیں، اس کے باوجود شہریوں کی بڑی تعداد محدود بجٹ کے باعث لنڈے بازاروں کا رخ کر رہی ہے۔