پاکستان سعودی عرب کے ساتھ ای پی آئی ویکسین کی مشترکہ مقامی تیاری پر متفق

01-07-2026

(ویب ڈیسک) پاکستان نے حفاظتی ٹیکہ جات کے قومی پروگرام (ای پی آئی) میں شامل ویکسینز کی مشترکہ مقامی تیاری کیلئے سعودی عرب کے ساتھ تعاون کا فیصلہ کر لیا۔

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے قومی صحت خدمات، ریگولیشنز اور کوآرڈینیشن کے اجلاس کے دوران وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال نے بتایا کہ سعودی وفد 28 جنوری کو پاکستان کا دورہ کرے گا تاکہ ویکسین کی مشترکہ تیاری سے متعلق تعاون کو حتمی شکل دی جا سکے۔ وفاقی وزیر صحت نے بتایا کہ ماضی میں پاکستان زیادہ تر ویکسینز بھارتی کمپنیوں سے بین الاقوامی اداروں کے ذریعے حاصل کرتا رہا ہے لیکن موجودہ سیاسی کشیدگی کے باعث بھارت کی طرف سے ویکسین کی فراہمی بند ہو گئی، حتیٰ کہ تیسرے فریق کے ذریعے بھی سپلائی ممکن نہ رہی۔ ادھر نیشنل ویکسین پالیسی کے تحت نیشنل ویکسین الائنس قائم کرنے کی تجویز دی گئی ہے، جس میں مقامی فارماسیوٹیکل کمپنیوں کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت شامل کیا جائے گا۔ ابتدائی مرحلے میں ویکسین کی پیکجنگ اور فِنشنگ پاکستان میں ہو گی، جبکہ مرحلہ وار مکمل مقامی تیاری کی جانب پیش رفت کی جائے گی، پاکستان کو سالانہ تقریباً 140 ملین ای پی آئی ویکسین ڈوزز کی ضرورت ہے۔