نجی یونیورسٹی کی طالبہ فاطمہ کی خودکشی کی کوشش، اصل حقائق سامنے آ گئے

01-07-2026

(لاہور نیوز) نجی یونیورسٹی کی طالبہ فاطمہ کی جانب سے خودکشی کی کوشش کے معاملے میں اہم انکشافات سامنے آ گئے ہیں۔

پولیس ذرائع کے مطابق طالبہ فاطمہ نارنگ منڈی کے رہائشی احمد نامی نوجوان کو پسند کرتی تھی اور اس سے شادی کی خواہشمند تھی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ فاطمہ اپنے پسند کے لڑکے احمد سے شادی کرنا چاہتی تھی تاہم اہلِ خانہ اس رشتے پر رضامند نہیں تھے، ذرائع کے مطابق گھر والے فاطمہ کو شادی کے بجائے تعلیم جاری رکھنے پر زور دے رہے تھے۔ پولیس ذرائع کے مطابق پسند کی شادی نہ ہونے پر فاطمہ شدید دلبرداشتہ ہو گئی، جس کے بعد اس نے انتہائی قدم اٹھانے کی کوشش کی، مزید بتایا گیا ہے کہ واقعے سے قبل فاطمہ کی آخری فون کال بھی احمد کے ساتھ ہوئی تھی۔ پولیس کے مطابق آخری کال کے فوراً بعد فاطمہ نے احمد کا نمبر اپنے موبائل فون سے ڈیلیٹ کر دیا تھا، واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں جبکہ طالبہ کی حالت اب خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ تمام پہلوؤں سے واقعے کی تفتیش کی جا رہی ہے اور حقائق سامنے آنے کے بعد مزید کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔