گورنر سردار سلیم حیدر کی عرفان شفیع کھوکھر کے گھر آمد، وفات پر اظہار تعزیت
01-06-2026
(لاہور نیوز) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان ایم پی اے عرفان شفیع کھوکھر کے انتقال پر تعزیت کے لیے ان کی رہائش گاہ پہنچے، جہاں انہوں نے مرحوم کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہا کہ سیاست میں پارٹی وابستگی سے بالاتر ہو کر ایک دوسرے کی خوشی اور غمی میں شریک ہونا پاکستان پیپلز پارٹی کی دیرینہ روایت ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے ہمیشہ اصولی اور مثبت سیاست پر یقین رکھا ہے۔ سردار سلیم حیدر خان کا کہنا تھا کہ پنجاب کی سیاست میں پیپلز پارٹی نے دوبارہ اپنی جگہ بنا لی ہے اور عوام کے درمیان رہنا ہی پیپلز پارٹی کی پہچان ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) دو الگ جماعتیں ہیں جن کے منشور بھی مختلف ہیں، تاہم دونوں اتحادی جماعتیں ہیں اور پنجاب کی ترقی کے لیے ایک پیج پر ہیں۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ وہ پنجاب کی ترقی، خوشحالی اور محرومیوں کے خاتمے کے لیے صوبائی حکومت کے ساتھ شانہ بشانہ چلیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاست میں اختلافات ہونا فطری امر ہے، مگر انتقامی اور ذاتی سیاست سے گریز کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ توڑ پھوڑ اور افراتفری کی سیاست صرف ایک جماعت کا وتیرہ ہے، جبکہ پیپلز پارٹی جمہوری اور مثبت سیاست پر یقین رکھتی ہے۔ گورنر پنجاب نے واضح کیا کہ گورنر ہاؤس کے دروازے تمام سیاسی جماعتوں کے ایم پی ایز اور کارکنوں کے لیے ہمیشہ کھلے ہیں۔