وزیراعلیٰ کا سات شہروں میں پنجاب ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کی تکمیل کا حکم

01-06-2026

(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے سات شہروں میں پنجاب ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کی اپریل میں تکمیل کا حکم دے دیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیرِ صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام، لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام، مثالی گاؤں، پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی (پی ایچ اے)، صاف پانی، سیوریج اور دیہی سڑکوں کے منصوبوں پر تین گھنٹے تک تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کا ہر ترقیاتی منصوبہ مقررہ وقت پر مکمل ہو گا، انہوں  نے ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی کیلئے لائیو ڈیش بورڈ قائم کرنے کا حکم دیا اور کہا کہ وہ خود روزانہ کی بنیاد پر کڑی نگرانی کریں گی۔ وزیراعلیٰ نے شہریوں کی حفاظت، سہولت اور خوبصورتی کو مدنظر رکھتے ہوئے ہدایت کی کہ پنجاب بھر میں سیوریج لائنز سڑکوں کے بجائے گرین بیلٹس میں بچھائی جائیں اور مین ہول کناروں پر رکھے جائیں تاکہ سڑکیں محفوظ اور آمدورفت آسان ہو، مضبوط اور صاف پنجاب کیلئے 100 سال کی ضمانت کے ساتھ سیوریج پائپس نصب کئے جائیں گے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ لاہور ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کا پہلا فیز مکمل ہو چکا ہے جبکہ دوسرا فیز 30 اپریل تک مکمل کر لیا جائے گا، وزیراعلیٰ  نے حکم دیا کہ اپریل میں سات شہروں میں پنجاب ڈویلپمنٹ پراجیکٹ مکمل کیا جائے۔ پی ایچ اے سے متعلق بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب کے مزید 11 اضلاع میں نئے پی ایچ اے قائم ہو چکے ہیں جس کے بعد مجموعی تعداد 21 ہو جائے گی، وزیراعلیٰ  نے پورے صوبے میں پی ایچ اے کے قیام کیلئے قابلِ عمل پلان طلب کرتے ہوئے موجودہ پی ایچ اے کی افرادی قوت اور اثاثوں کی تفصیلات بھی مانگ لیں، انہوں نے پی ایچ اے کی مالی خودمختاری کیلئے ری سورس جنریشن پلان بنانے کی ہدایت بھی کی۔ بے گھر افراد کیلئے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ’اپنی چھت، اپنا گھر‘ منصوبے کی دوسری قسط فوری جاری کرنے کا حکم دیا، جبکہ ’اپنی زمین، اپنا گھر‘ منصوبے کے الاٹیز کو الاٹمنٹ لیٹر جاری کرنے کی ہدایت بھی دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ ’اپنی چھت، اپنا گھر‘ کے تحت 155 ارب روپے کے 1 لاکھ 21 ہزار 477 قرضے جاری کئے جا چکے ہیں، 65 ہزار گھر مکمل ہو چکے ہیں اور روزانہ 700 مکانات تعمیر ہو رہے ہیں، منصوبے کے تحت اقساط کی مد میں 5.15 ارب روپے وصول کئے جا چکے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے تمام ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کی تاریخ تشہیری بورڈز پر نمایاں درج کرنے کا حکم دیا اور گلیوں و سڑکوں میں کھدائی کر کے چھوڑ دینے پر سخت برہمی کا اظہار کیا، انہوں  نے ہدایت کی کہ عوامی مشکلات کے پیش نظر سڑکوں پر سیوریج یا مرمتی کام فوری مکمل کئے جائیں۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ پنجاب کے 52 شہروں میں 204 ارب روپے کی لاگت سے تعمیر، مرمت اور بحالی کے منصوبے 22 فروری تک شروع ہو جائیں گے، وزیراعلیٰ نے عوام کو سڑکوں کی کھدائی کے باعث ہونے والی تکلیف پر معذرت بھی کی۔ اجلاس میں ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا، وزیراعلیٰ نے فلٹریشن پلانٹس سے متعلق عوامی شکایات کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے خراب پانی والے علاقوں میں ترجیحی بنیادوں پر واٹر فلٹریشن پلانٹس لگانے کا حکم دیا۔ واٹر بوٹلنگ اور فلٹریشن پلانٹس کی تعمیر و بحالی 30 جون تک مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا، انہوں  نے کہا کہ ڈی جی خان، خوشاب، رحیم یار خان اور بہاولپور کے دور دراز علاقوں میں عوام کو گھر کی دہلیز پر بوتل بند صاف پانی فراہم کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے لاہور کینال کی بھل صفائی جلد مکمل کرنے، بارش کے بعد فوری پانی کے نکاس اور روڈ بحالی کے 1529 منصوبوں کے تحت 4031 کلومیٹر سڑکوں کی تعمیر و مرمت کا ہدف مقرر کیا، انہوں  نے نئی سڑکوں پر لین مارکنگ اور اطراف میں خوبصورت ٹف ٹائلز لگانے کی بھی ہدایت کی۔