پنجاب حکومت کا نفرت پھیلانے والوں کیلئے حکومتی مراعات پر پابندی کا فیصلہ

01-05-2026

(لاہور نیوز) محکمہ داخلہ پنجاب نے کہا ہے کہ اعزازیہ صرف ذمہ دار اور قانون کے پابند علماء کو دیا جائے گا، نفرت پھیلانے والوں کیلئے حکومتی مراعات پر مکمل پابندی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

پنجاب حکومت نے محکمہ داخلہ کی تجاویز پر پالیسی کی منظوری دے دی، جس کے مطابق ریاست مخالف بیانیہ اختیار کرنے والے افراد کے اعزازیے فوری بند اور سخت کارروائی ہو گی۔ اس حوالے سے محکمہ داخلہ پنجاب کا کہنا ہے کہ اعزازیہ سکیم کا مقصد امن، ہم آہنگی اور قومی وحدت کا فروغ ہے، قانون کی خلاف ورزی پر کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی، نفرت انگیز مواد یا تقاریر ثابت ہونے پر فہرست سے فوری اخراج ہو گا۔ سیکیورٹی اور انٹیلی جنس رپورٹس کی بنیاد پر ابتدائی جانچ پڑتال مکمل کر لی گئی، صوبے کے 66 ہزار امام مسجد تمام قانونی تقاضے پورے کرنے پر کلیئر قرار دے دیے گئے، ان کے خلاف کوئی ریاست مخالف سرگرمی ثابت نہیں ہو سکی۔ محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق اعزازیہ فہرست کی باقاعدہ سکریننگ اور مانیٹرنگ جاری رہے گی، مستقبل میں بھی اعزازیہ دینے سے پہلے سخت جانچ پڑتال ہو گی، امن عامہ متاثر کرنے والے عناصر کی سرکاری سرپرستی نہیں ہو گی۔ جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا کہ پنجاب حکومت کا انتہا پسندی کے خلاف سخت مؤقف ہے، مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کیلئے ذمہ دارانہ کردار ناگزیر قرار دیا گیا ہے، اعزازیہ اسکیم کا غلط استعمال برداشت نہیں کیا جائے گا، قانون کے دائرے میں رہ کر مذہبی سرگرمیوں کی مکمل آزادی برقرار ہو گی، ریاست مخالف بیانیے کی کوئی گنجائش نہیں، واضح پالیسی بیان ہے۔