مساجد مدارس کے تحفظ پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کریں گے، مولانا فضل الرحمان

01-04-2026

(لاہور نیوز) جےیوآئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے راولپنڈی، اسلام آباد کے جید علماء کرام کے وفد کی ملاقات ہوئی، جس میں مولانا فضل الرحمان نے مدارس و مساجد کے تحفظ کے تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔

ملاقات کے دوران مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ مساجد مدارس کے تحفظ پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کریں گے، بیرونی دباؤ پر حکومت کی مدارس مساجد کے خلاف کسی قسم کی سازش کا بھرپور مقابلہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ دینی مدارس کیخلاف یہ رویہ انکا اپنا نہیں بلکہ بیرونی ایجنڈا ہے کہ مذہبی نوجوانوں کو مشتعل کر کے ریاست سے لڑایا جائے، دینی مدارس کے خلاف اسٹیبلشمنٹ اور بیوروکریسی کا رویہ دراصل بیرونی ایجنڈے کا حصہ ہے، جس کا مقصد نوجوانوں کو ریاست کے خلاف بھڑکانا ہے۔ انہوں نے راولپنڈی اور اسلام آباد میں مساجد و مدارس کے انہدام کی حکومتی اقدامات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی بدنیتی کے باعث مدارس رجسٹریشن کی تاخیر پر اسلام آباد میں بڑے احتجاجی مظاہرے پر غور و فکر کیا گیا۔