بالیاں نوچنے والی دو خواتین پر مشتمل جھپٹا مار گینگ گرفتار
01-03-2026
(لاہور نیوز) پولیس نے بالیاں نوچ کر فرار ہونے والی دو خواتین پر مشتمل جھپٹا مار گینگ کو گرفتار کر لیا۔
انچارج بی بی پاک دامن سید تحسین گیلانی نے ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے خواتین ملزمان کو شیرا کوٹ کے علاقے سے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ٹریس کر کے گرفتار کیا۔ ایس پی سِول لائنز کے مطابق خواتین ملزمان کو فوٹیج میں شہریوں کی بالیاں نوچتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، پولیس نے ملزمان کے قبضے سے نوچی ہوئی بالیاں اور دربار سے چوری شدہ موبائل فون برآمد کر لیا۔ ایس پی سِول لائنز چوہدری اثر علی نے بتایا کہ گرفتار خواتین سے تقریباً دو لاکھ روپے مالیت کا چوری شدہ سامان برآمد ہوا ہے اور دونوں ملزمان چوری کے مقدمات میں سابقہ ریکارڈ یافتہ ہیں، ملزمان شبانہ اور ممتاز کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش جاری ہے۔ چوہدری اثر علی کے مطابق عوام الناس کی جان و مال کی حفاظت پولیس کی اولین ترجیح ہے۔