لائسنس معطلی کیس: میاں علی اشفاق ایڈووکیٹ کی درخواست ہائیکورٹ میں سماعت کیلئے مقرر
01-03-2026
(ویب ڈیسک) میاں علی اشفاق ایڈووکیٹ کے وکالت لائسنس کی معطلی کے خلاف دائر درخواست پر لاہور ہائیکورٹ میں سماعت مقرر کر دی گئی۔
رجسٹرار آفس نے کیس کو 5 جنوری کو سماعت کیلئے مقرر کرتے ہوئے کاز لسٹ جاری کر دی۔ کیس پر لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس ملک محمد اویس خالد سماعت کریں گے، میاں علی اشفاق ایڈووکیٹ نے پنجاب بار کونسل کی جانب سے اپنے وکالت لائسنس کی معطلی کے اقدام کو عدالت میں چیلنج کر رکھا ہے۔ عدالت نے گزشتہ سماعت کے دوران وکیل میاں علی اشفاق کو ہدایت کی تھی کہ وہ کراچی بار ایسوسی ایشن کو درخواست میں فریق بنائیں، جس کیلئے انہیں مہلت دی گئی تھی۔ وفاقی حکومت کی جانب سے ڈپٹی اٹارنی جنرل اسد علی باجوہ عدالت میں پیش ہوں گے، جبکہ میاں علی اشفاق ایڈووکیٹ بھی دیگر وکلا کے ہمراہ پیشی دیں گے۔ ڈپٹی اٹارنی جنرل کے مطابق وکیل میاں علی اشفاق کا وکالت لائسنس کراچی بار کی شکایت پر پنجاب بار کونسل نے معطل کیا، تاہم درخواست میں کراچی بار کو فریق نہیں بنایا گیا، جو ایک اہم قانونی نکتہ ہے۔ کیس کی سماعت میں لائسنس معطلی کے قانونی جواز، بار کونسل کے اختیارات اور فریقین کے مؤقف پر تفصیلی غور کئے جانے کا امکان ہے۔