بچے کو ڈھال بنا کر وارداتیں کرنے والا ڈکیت گروہ گرفتار
01-03-2026
(لاہور نیوز) گلبرگ پولیس نے بچے کو ڈھال بنا کر لوٹ مار کرنے والے چور و ڈکیت گروہ کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان کے مطابق ایس ایچ او گلبرگ تیمور عباس نے ٹیم کے ہمراہ سلطان پارک سے گروہ کو ٹریس کر کے گرفتار کیا، ملزمان خود کو فیملی ظاہر کر کے مختلف مارکیٹس میں شہریوں کی ریکی کرتے اور موقع ملتے ہی موبائل فونز، موٹر سائیکلیں اور دیگر سامان چوری کر لیتے تھے۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں ملزمان کو واردات کے بعد فرار ہوتے دیکھا جا سکتا ہے، جبکہ کچھ فوٹیجز میں انہیں بچے کے ساتھ موٹر سائیکل پر فرار ہوتے بھی ریکارڈ کیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق ملزمان گرفتاری سے بچنے کیلئے بچے کا استعمال کرتے تھے، جس کا انہوں نے اعتراف بھی کیا، گرفتار ملزمان سے دو موبائل فونز، ایک چوری شدہ موٹر سائیکل اور ایک پستول برآمد ہوا ہے۔ ملزمان صدام اور یوسف کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش جاری ہے، ایس پی ماڈل ٹاؤن شہربانو نقوی کے مطابق شہریوں کے تحفظ کیلئے ایسے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔