سی بی ڈی پنجاب کا اہم سنگِ میل، والٹن روڈ اپ گریڈیشن منصوبہ مکمل

01-03-2026

(لاہور نیوز) سی بی ڈی پنجاب کی جانب سے لاہور کے شہری انفراسٹرکچر میں ایک اور اہم سنگِ میل عبور کر لیا گیا۔

والٹن روڈ اور اے ڈی اے نالہ کی ریموڈلنگ و اپ گریڈیشن کا منصوبہ، جس میں میجر اسحاق شہید فلائی اوور بھی شامل ہے، باضابطہ طور پر والٹن کنٹونمنٹ بورڈ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ 10.2 ارب روپے کی لاگت سے مکمل ہونے والے اس منصوبے سے روزانہ 7 سے 8 لاکھ گاڑیاں اور 10 لاکھ سے زائد رہائشی مستفید ہو رہے ہیں، منصوبے کی حوالگی دونوں اداروں کے مشترکہ معائنے کے بعد عمل میں آئی، جس کے بعد والٹن کنٹونمنٹ بورڈ  نے اس کے آپریشن اور دیکھ بھال کی مکمل ذمہ داری سنبھال لی ہے۔ سی بی ڈی پنجاب نے والٹن کنٹونمنٹ بورڈ کو دو جدید ڈسپوزل اسٹیشنز بھی حوالے کئے ہیں، جبکہ والٹن روڈ کی صفائی، بجلی اور نکاسی آب کا مکمل انتظام بھی کنٹونمنٹ بورڈ کے سپرد کر دیا گیا ہے۔ سی ای او سی بی ڈی پنجاب عمران امین کے مطابق یہ منصوبہ ٹریفک مسائل اور نکاسی آب کے چیلنجز کے حل کیلئے مکمل کیا گیا، جس سے ٹریفک کی روانی بہتر ہوئی اور بارشی پانی کے نکاس کے خطرات کا خاتمہ ممکن ہوا، یہ منصوبہ لاہور کیلئے پائیدار اور جدید انفراسٹرکچر کی فراہمی کی جانب ایک اہم قدم ہے۔