صوبائی وزیر مواصلات کی تعمیر شدہ شاہراہوں کو چیک کرنے کی ہدایت
01-03-2026
(لاہور نیوز) صوبائی وزیر مواصلات ملک صہیب احمد بھرتھ نے صوبہ بھر میں روڈ سیکٹر میں تعمیر و ترقی کے کاموں کا جائزہ لینے کی ہدایت جاری کر دی۔
انہوں نے کہا کہ سال 2024 اور 2025 میں تعمیر اور مرمت ہونے والی تمام شاہراہوں کو باقاعدگی سے چیک کیا جائے۔ صوبائی وزیر نے واضح کیا کہ شاہراہوں کو ٹوٹ پھوٹ سے بچانے کیلئے لوڈ مینجمنٹ پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے اور اس مقصد کیلئے پٹرولنگ پولیس سے مکمل رابطہ رکھا جائے، انہوں نے اوور لوڈنگ کرنے والی گاڑیوں کے خلاف سخت کارروائی کی بھی ہدایت دی۔ ملک صہیب احمد بھرتھ کا کہنا تھا کہ نئی تعمیر شدہ اور مرمت شدہ شاہراہوں کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے تاکہ عوام کو محفوظ اور پائیدار سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔