شہر میں اشتہاریوں کے خلاف سپیشل آپریشن، 446 ملزمان گرفتار

01-03-2026

(لاہور نیوز) صوبائی دارالحکومت میں اشتہاریوں، عادی ملزمان اور عدالتی مفروران کے خلاف ڈولفن فورس کا سپیشل ٹارگٹڈ آپریشن جاری ہے۔

ترجمان ڈولفن کے مطابق گزشتہ 72 گھنٹوں کے دوران مختلف کارروائیوں میں 54 اشتہاریوں سمیت مجموعی طور پر 446 مطلوب ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ ایس پی ڈولفن اختر نواز  نے بتایا کہ گرفتار ملزمان پر سنگین جرائم کے متعدد مقدمات درج ہیں، کارروائیوں کے دوران 275 ریکارڈ یافتہ اور 83 عادی مجرمان کو حراست میں لیا گیا، جبکہ مختلف زیر سماعت مقدمات میں 34 عدالتی مفروران بھی گرفتار کئے گئے۔ ڈولفن سکواڈ نے تمام گرفتار ملزمان کو قانونی کارروائی کے لئے متعلقہ تھانوں کے حوالے کر دیا ہے، ایس پی ڈولفن کے مطابق شہر میں امن و امان کے قیام کیلئے فورس ہمہ وقت الرٹ ہے اور اشتہاریوں، عادی ملزمان اور عدالتی مفروران کے خلاف سپیشل آپریشن آئندہ بھی جاری رہے گا۔