کینال روڈ پر ٹیک سوسائٹی کے سامنے رکشے سے مردہ بکرے برآمد
01-02-2026
(ویب ڈیسک) لاہور میں مردہ جانوروں کی غیر قانونی سپلائی کا سلسلہ تاحال نہ رک سکا، پنجاب فوڈ اتھارٹی مردہ گوشت کی ترسیل روکنے میں ناکام دکھائی دینے لگی۔
کینال روڈ پر ٹیک سوسائٹی کے سامنے رکشے سے مردہ بکرے برآمد کر لئے گئے، ٹریفک وارڈن نے مشکوک رکشہ روک کر بڑی مقدار میں مردہ بکرے پکڑ لئے۔ رکشے میں لدا مردہ گوشت شہر میں نامعلوم مقام پر منتقل کیا جا رہا تھا، ٹریفک وارڈن نے فوری کارروائی کرتے ہوئے رکشہ ڈرائیور کو حراست میں لے لیا۔ مردہ بکروں سے لدا رکشہ 15 پر کال کر کے پولیس کے حوالے کر دیا گیا، واقعہ کے بعد شہریوں میں تشویش کی لہر، فوڈ سیفٹی پر سوالات اٹھنے لگے۔ مردہ گوشت کی ممکنہ فروخت سے انسانی صحت کو شدید خطرات لاحق تھے، شہر میں مردہ گوشت کی ترسیل روکنے کیلئے نگرانی مزید سخت کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔