این سی سی آئی اے کی صارفین کیلئے سائبر سکیورٹی ایڈوائزری جاری
01-02-2026
(ویب ڈیسک) نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے صارفین کیلئے نئے سال کی پہلی سائبر سکیورٹی ایڈوائزری جاری کر دی۔
این سی سی آئی اے نے شہریوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سائبر سکیورٹی کا سنہری اصول ہمیشہ یاد رکھیں، کلک کرنے سے پہلے ضرور سوچیں، کیونکہ یہی احتیاط بڑے مالی اور ڈیجیٹل نقصان سے بچا سکتی ہے۔ ایڈوائزری کے مطابق آج کے دور میں نہ صرف عام بلکہ پڑھے لکھے اور باشعور افراد بھی سائبر جرائم کا آسانی سے شکار ہو جاتے ہیں، کیونکہ ہیکرز اب صرف تکنیکی طریقے استعمال نہیں کرتے بلکہ جذبات، لالچ اور خوف کو ہتھیار بنا کر لوگوں سے ذاتی معلومات حاصل کرتے ہیں۔ این سی سی آئی اے نے صارفین کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے تمام آن لائن اکاؤنٹس کیلئے مضبوط اور منفرد پاسورڈز کا انتخاب کریں اور پاسورڈ میں اپنا نام، تاریخِ پیدائش یا سادہ اعداد کے استعمال سے گریز کریں، اس کے ساتھ ساتھ تمام اکاؤنٹس پر ٹو فیکٹر آتھنٹیکیشن کو فعال کرنے کی بھی ہدایت دی گئی ہے، جسے ڈیجیٹل سکیورٹی کیلئے ایک اضافی اور مؤثر حفاظتی حصار قرار دیا گیا ہے۔ ایجنسی نے متنبہ کیا ہے کہ کسی بھی انجان یا مشکوک لنک پر کلک نہ کریں اور فون کال یا میسج کے ذریعے کسی کو اپنا ون ٹائم پاسورڈ (او ٹی پی) ہرگز فراہم نہ کریں، ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ اگر کوئی پیغام غیر معمولی انعام، فائدے یا فوری کارروائی کا تقاضا کرے تو اسے فراڈ سمجھتے ہوئے نظر انداز کر دیا جائے۔