رجب بٹ کے وکیل میاں علی اشفاق کا لائسنس معطل

01-02-2026

(لاہور نیوز) رجب بٹ، ان کے وکیل میاں علی اشفاق اور وکلا کے درمیان ہنگامہ آرائی کے واقعے پر پنجاب بار کونسل نے سخت کارروائی کرتے ہوئے میاں علی اشفاق کا وکالت کا لائسنس معطل کر دیا۔

پنجاب بار کونسل کے چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی ذبیح اللہ ناگرہ نے معاملہ مزید کارروائی کیلئے ڈسپلنری کمیٹی کو بھجوا دیا۔ پنجاب بار کونسل کے مطابق میاں علی اشفاق وکلا کی ہڑتال کے دوران اپنے موکل رجب بٹ کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے، جو وکلا کے ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی ہے، اس کے علاوہ میاں علی اشفاق نجی سکیورٹی گارڈ کے ساتھ بار میں داخل ہوئے، جسے بھی قواعد کے منافی قرار دیا گیا۔ بار کونسل کا کہنا ہے کہ میاں علی اشفاق کی موجودگی اور طرزِ عمل کے باعث وکلا کے درمیان ہنگامہ آرائی ہوئی، جبکہ انہوں  نے وکلا کے خلاف بیان بازی بھی کی، جس سے وکلا برادری میں تفریق پیدا ہوئی۔ ان وجوہات کی بنا پر پنجاب بار کونسل نے میاں علی اشفاق کا وکالت کا لائسنس معطل کر دیا، چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی ذبیح اللہ ناگرہ کے مطابق معاملہ اب ڈسپلنری کمیٹی میں زیرِ سماعت رہے گا، جہاں مزید کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔