بہتر سال کا بہترین اختتام، 2025 کی نیو ائیر نائٹ محفوظ ترین رہی
01-01-2026
(لاہور نیوز) سال 2025 کی نیو ائیر نائٹ شہر کی محفوظ ترین راتوں میں شمار کی گئی، جہاں لاہور پولیس کی مؤثر حکمت عملی کے باعث کوئی افسوس ناک واقعہ پیش نہ آیا۔
پولیس حکام کے مطابق ہوائی فائرنگ اور اسلحہ نمائش کے خلاف چلائی گئی مہم کامیاب رہی، جبکہ ہلڑ بازی اور ون ویلنگ پر بھی مکمل قابو پایا گیا، گزشتہ رات شہر بھر میں سخت ناکہ بندی کی گئی اور 5 ہزار 988 گاڑیوں کی چیکنگ کی گئی۔ کارروائیوں کے دوران ون ویلنگ پر 23، آتش بازی پر 35 اور ناجائز اسلحہ رکھنے پر 65 مقدمات درج کئے گئے، سال نو کے موقع پر منشیات کی سپلائی میں ملوث 236 ملزمان گرفتار کئے گئے، جن کے قبضے سے بڑی مقدار میں شراب، 6 کلوگرام سے زائد ہیروئن، 16 کلوگرام سے زائد آئس اور 70 کلوگرام چرس برآمد کی گئی۔ پولیس کے مطابق آگاہی کے باوجود غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث 151 افراد کو گرفتار کر کے جیل منتقل کیا گیا، جبکہ ہوائی فائرنگ میں ملوث ملزمان کو بھی قانون کی گرفت میں لیا گیا۔ گرفتار ملزمان سے ایک کلاشنکوف، 18 رائفلز، 25 بندوقیں، 523 پسٹلز اور ہزاروں گولیاں برآمد ہوئیں، ناکہ بندی اور مسلسل پولیس گشت کے باوجود ون ویلنگ کرنے والے 23 ملزمان گرفتار کئے گئے۔ اسی طرح غیر قانونی آتش بازی کرنے پر 3 افراد اور خواتین سے چھیڑ خانی و ہلڑ بازی میں ملوث 3 افراد کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مؤثر نگرانی، بروقت کارروائیوں اور شہریوں کے تعاون سے ہلڑ بازی، ہوائی فائرنگ اور ون ویلنگ نہ ہونے کے برابر رہی، جس سے نیو ائیر نائٹ کو محفوظ بنانا ممکن ہوا۔