لاہور زون میں 3 ہزار 427 فوڈ پوائنٹس کی چیکنگ، 8 مقدمات درج
01-01-2026
(لاہور نیوز) نئے سال کے آغاز کے ساتھ ہی پنجاب فوڈ اتھارٹی نے خوراک کے معیار کو بہتر بنانے اور جعلسازی کے خاتمے کیلئے اقدامات کا آغاز کر دیا۔
لاہور زون میں 3 ہزار 427 فوڈ یونٹس اور فوڈ پوائنٹس کی چیکنگ کی گئی، جس کے دوران قوانین کی خلاف ورزیوں پر 8 مقدمات درج کئے گئے۔ کارروائیوں کے دوران 14 فوڈ یونٹس بند کئے گئے جبکہ 150 یونٹس پر 20 لاکھ 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا، علی الصبح بادامی باغ میں کارروائی کے دوران دو شہد یونٹس پر چھاپے مارے گئے جہاں سے 160 کلو جعلی شہد اور ایک من سے زائد گلوکوز تلف کر دیا گیا۔ ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید کے مطابق گزشتہ سالوں کی نسبت سال 2025 میں 105 فیصد اضافے کے ساتھ 13 لاکھ 50 ہزار سے زائد فوڈ پوائنٹس کی چیکنگ کی گئی، 309 ملین لٹر دودھ کی جانچ کی گئی جبکہ ملک فراڈ مافیا کے خلاف 1 ہزار 68 مقدمات درج کروائے گئے۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی کا کہنا تھا کہ نئے سال کے آغاز میں پانی اور دودھ کے معیار اور ٹریسیبیلٹی کو یقینی بنانے کیلئے ڈیجیٹل پورٹل پر تمام ریکارڈ اپلوڈ کرنا لازم قرار دے دیا گیا ہے، رواں سال مذبح خانوں کی ری ماڈلنگ، ڈیجیٹل مانیٹرنگ، نئے یونیفارم اور باڈی کیمروں کے ذریعے فیلڈ آپریشنز کی نگرانی کی جائے گی۔ عاصم جاوید نے مزید بتایا کہ سکول میل پروگرام کے دائرہ کار کو وسیع کیا جا رہا ہے جبکہ راولپنڈی میں فوڈ لیب اور پی ایف اے ہاؤس کے قیام کا بھی منصوبہ ہے، خوراک کی تیاری سے ترسیل تک تمام مراحل کو بین الاقوامی معیار کے مطابق لانے کیلئے اقدامات جاری ہیں۔