محفوظ پنجاب: جرائم میں نمایاں کمی، پنجاب پولیس کی کارکردگی بہتر قرار
12-31-2025
(لاہور نیوز) پنجاب بھر میں جرائم کی شرح میں واضح کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق دسمبر 2025ء کے دوران ہیلپ لائن 15 پر موصولہ جرائمِ برخلافِ پراپرٹی کی کالز میں دسمبر 2024ء کے مقابلے میں مجموعی طور پر 49 فیصد کمی دیکھنے میں آئی ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق دسمبر 2025ء میں ڈکیتی سے متعلق 15 پر موصولہ کالز میں 59 فیصد جبکہ راہزنی کی کالز میں 51 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، اسی طرح گاڑی چوری کی کالز میں 55 فیصد کمی ہوئی، جن میں کار چوری کی کالز میں 73 فیصد اور موٹرسائیکل چوری کی کالز میں 54 فیصد کمی شامل ہے۔ ترجمان کے مطابق گاڑیاں چھیننے کی وارداتوں سے متعلق 15 پر موصولہ کالز میں 71 فیصد جبکہ کار چھیننے کی کالز میں 46 فیصد کمی واقع ہوئی، موٹرسائیکل چھیننے کی کالز میں بھی گزشتہ سال کے مقابلے میں 72 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ سنگین جرائم کے حوالے سے بھی مثبت پیش رفت سامنے آئی ہے، دسمبر 2025ء میں قتل کی وارداتوں سے متعلق 15 کی کالز میں 36 فیصد جبکہ اغواء کی وارداتوں کی کالز میں 31 فیصد کمی دیکھنے میں آئی، نقب زنی اور چوری کی کالز میں بھی 33 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے، رواں سال خواتین سے اجتماعی زیادتی کے رجسٹرڈ کیسز میں گزشتہ سال کی نسبت 44 فیصد کمی واقع ہوئی۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے کو محفوظ بنانے کیلئے پولیس کو بھرپور وسائل فراہم کئے ہیں، سیف سٹیز پراجیکٹ کا دائرہ کار اب شہروں کے بعد تحصیلوں کی سطح تک بڑھایا جا رہا ہے جس سے جرائم کی روک تھام میں مزید بہتری آئے گی۔ آئی جی پنجاب کے مطابق سنگین وارداتوں اور سٹریٹ کرائم سے متعلق 15 کی کالز میں کمی کا رجحان پنجاب پولیس کی بہتر حکمت عملی اور مؤثر کارکردگی کا مظہر ہے، صوبے کے تمام تھانوں میں فری رجسٹریشن آف کرائم کو یقینی بنایا جا رہا ہے اور پنجاب پولیس کا واحد فوکس شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اور مجرموں کی سرکوبی ہے۔