موٹروے پولیس کا یونیورسٹی آف سینٹرل پنجاب میں روڈ سیفٹی سیمینار، طلبہ میں آگاہی اجاگر
12-31-2025
(لاہور نیوز) موٹروے پولیس سینٹرل ریجن کے زیرِ اہتمام یونیورسٹی آف سینٹرل پنجاب میں روڈ سیفٹی سیمینار کا انعقاد کیا گیا، جس کا مقصد طلبہ میں ٹریفک قوانین اور محفوظ ڈرائیونگ کے حوالے سے شعور اجاگر کرنا تھا۔
سیمینار میں ڈی آئی جی موٹروے پولیس عمران شاہد اور ایس پی شہباز عالم نے خصوصی شرکت کی، اس موقع پر مقررین نے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تھکاوٹ کی حالت میں ڈرائیونگ، تیز رفتاری اور لاپرواہ رویہ سڑک حادثات کی بڑی وجوہات ہیں، جن سے بچاؤ کیلئے قوانین کی پابندی نہایت ضروری ہے۔ معروف ریڈیالوجسٹ اور سوشل انفلوئنسر ڈاکٹر نازش افان نے بھی سیمینار میں خصوصی خطاب کیا، انہوں نے سڑک حادثات کے طبی نقصانات پر روشنی ڈالتے ہوئے نوجوانوں کو ذمہ دارانہ ڈرائیونگ اپنانے کی تلقین کی۔ ترجمان کے مطابق محفوظ سفر کیلئے گاڑی کی بروقت دیکھ بھال، سیٹ بیلٹ کے استعمال اور ٹریفک قوانین پر عمل درآمد پر خصوصی زور دیا گیا، سیمینار کے اختتام پر طلبہ میں یادگاری تحائف اور گفٹ ہیمپرز بھی تقسیم کئے گئے۔ موٹروے پولیس کے ترجمان سینٹرل ریجن سید عمران احمد نے کہا کہ ایسے آگاہی سیشنز کا مقصد نوجوان نسل کو محفوظ اور ذمہ دار شہری بنانا ہے تاکہ قیمتی جانوں کا تحفظ ممکن بنایا جا سکے۔