ٹیکس قوانین کی سنگین خلاف ورزیوں پر وسطی پنجاب میں دو شوگر ملز سیل

12-29-2025

(لاہورنیوز) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ٹیکس قوانین کی سنگین خلاف ورزیوں پر وسطی پنجاب میں دو شوگر ملز سیل کر دیں۔

ایف بی آر کے مطابق یہ اقدام حکومت کی جانب سے ٹیکس قوانین کی خلاف ورزیوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے مطابق اٹھایا گیا ہے۔فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے مطابق ہائی رسک سیکٹرز میں سیلز ٹیکس قوانین پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔ تمام انفورسمنٹ اقدامات قانون کے مطابق، شفافیت اور مروجہ قانونی طریقہ کار کو یقینی بناتے ہوئے کیے جا رہے ہیں۔ایف بی آر کے مطابق قانون کی پابندی کرنے والے ٹیکس دہندگان کے لیے مساوی مسابقتی ماحول برقرار رکھا جا ئے گا، رضاکارانہ کمپلائنس کرنے والی صنعتوں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ ٹیکس قوانین کی خلاف ورزیوں کے خلاف سخت انفورسمنٹ کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔