اپنا گھر بنانے کا خواب ! کم آمدنی والے افراد کے لیے بڑی خوشخبری آ گئی
12-29-2025
(لاہور نیوز) پنجاب حکومت نے کم لاگت، آسان اقساط اور جدید سہولیات سے آراستہ گھروں کی فراہمی کے لیے کم آمدن افراد کے ایک اور بڑے ہاؤسنگ منصوبے کا آغاز کر دیا ہے۔
اس منصوبے کے تحت اڑھائی سے تین مرلہ سرکاری اراضی پر 37 ہزار سے زائد گھروں کی تعمیر ممکن ہو سکے گی۔ اس حوالے سے وزیرِ ہاؤسنگ بلال یاسین کو پنجاب افورڈیبل ہاؤسنگ پراجیکٹ کے ڈائریکٹر عمران علی سلطان نے تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ ورلڈ بینک کے اشتراک سے پنجاب کے 25 اضلاع میں 35 مختلف مقامات پر گھروں کی تعمیر کا آغاز کیا جائے گا۔ منصوبے سے لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد، ملتان، سیالکوٹ، لیہ، خانیوال سمیت پنجاب کے 25 اضلاع کی عوام مستفید ہوں گی، حکام کے مطابق سرکاری اراضی پر اگلے تین ماہ میں پرائیویٹ سیکٹر کے تعاون سے تعمیراتی کاموں کا باقاعدہ آغاز کر دیا جائے گا۔ وزیرِ ہاؤسنگ بلال یاسین کا کہنا ہے کہ اس منصوبے کا مقصد کم آمدن طبقے کو باعزت اور معیاری رہائش فراہم کرنا ہے، تاکہ عوام کو بہتر زندگی کی سہولت میسر آ سکے۔