منکی پاکس کے کیسز میں اضافہ، میو ہسپتال میں چار نئے مریض رپورٹ
12-29-2025
(لاہور نیوز) منکی پاکس کی وبا کے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے جس سے شہر کے ہسپتالوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران میو ہسپتال میں چار نئے مریض رپورٹ ہوئے، جن میں سے 45 سالہ محمد علی اور 40 سالہ صفیہ زیر علاج ہیں۔ ذرائع کے مطابق میو ہسپتال میں 26 سالہ ساجد اور 35 سالہ روبینہ کو بھی منکی پاکس کی علامات کے ساتھ داخل کیا گیا ہے۔ اب تک لاہور کے دو بڑے ہسپتالوں میں منکی پاکس کے 44 مریض رپورٹ ہو چکے ہیں، جن میں سے کچھ مریضوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے، منکی پاکس کی وبا سے اب تک تین افراد کی ہلاکت بھی رپورٹ ہو چکی ہے، جو شہریوں کیلئے تشویش کا باعث بنی ہوئی ہے۔ میو ہسپتال کے ذرائع کے مطابق اس ہسپتال میں منکی پاکس کے کل 6 مریضوں کی رپورٹس مثبت آئی ہیں، جبکہ 25 مشتبہ مریضوں کو ابھی تک ٹیسٹ کے نتائج کا انتظار ہے، ہسپتال میں اس وقت منکی پاکس کے کل 21 مریضوں کا علاج جاری ہے۔ لاہور جنرل ہسپتال میں بھی منکی پاکس کے 23 مریض رپورٹ ہو چکے ہیں، جن میں سے 8 مریضوں کی رپورٹ مثبت آئی ہے۔ ترجمان لاہور جنرل ہسپتال کے مطابق، 15 مریضوں کا ابھی تک ٹیسٹ نتیجہ نہیں آیا، تاہم ان مریضوں کو قرنطینہ میں رکھا گیا ہے تاکہ وبا کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔