موبائلز سکواڈ کی داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ، 50 ملزمان گرفتار

12-29-2025

(لاہور نیوز) لاہور میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے اور سکیورٹی کو مؤثر بنانے کیلئے موبائلز سکواڈ نے شہر کے تمام داخلی و خارجی راستوں پر حفاظتی اقدامات مزید سخت کر دیئے ہیں۔

ترجمان کے مطابق پولیس مکمل الرٹ ہے اور ناکہ جات پر سخت چیکنگ کا عمل تسلسل کے ساتھ جاری ہے، گزشتہ 72 گھنٹوں کے دوران موبائلز سکواڈ نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مؤثر کارروائیاں کرتے ہوئے مختلف نوعیت کے جرائم میں ملوث 50 ملزمان کو گرفتار کیا۔ ترجمان کے مطابق گرفتار ہونے والوں میں 26 اشتہاری ملزمان، 14 عدالتی مفروران اور 4 عادی جرائم پیشہ افراد شامل ہیں، جنہیں ای پولیس ایپ کی مدد سے شناخت کر کے گرفتار کیا گیا۔ موبائلز سکواڈ نے اسلحہ کی نمائش اور ڈالا کلچر کے خلاف بھی کارروائیاں کیں، جن کے دوران 4 ملزمان کو اسلحہ سمیت گرفتار کیا گیا، گرفتار ملزمان کے قبضے سے ایک پستول، تین رائفلیں، گولیاں اور میگزینز برآمد ہوئے۔ پولیس حکام کے مطابق ناکہ جات پر ای پولیس ایپ کے ذریعے 53 ہزار 614 سے زائد افراد کا ریکارڈ چیک کیا گیا، جبکہ 6 ہزار 916 گاڑیوں اور موٹرسائیکلز کی بھی جانچ پڑتال کی گئی۔ ایس پی موبائلز اختر نواز کا کہنا ہے کہ شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر قائم ناکہ جات پر ای پولیس ایپ کے ذریعے اشتہاریوں اور مجرمان کی شناخت کا عمل جاری ہے، ناکہ جات پر تعینات جوان موسمی حالات کی پرواہ کئے بغیر لاہور شہر کو محفوظ بنانے کیلئے تندہی اور مستعدی سے اپنی ڈیوٹیاں انجام دے رہے ہیں۔