ڈی جی فوڈ اتھارٹی کا فوڈ سیفٹی ٹیموں کے ہمراہ شہر بھر میں کریک ڈاؤن
12-28-2025
(لاہور نیوز) ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی نے فوڈ سیفٹی ٹیموں کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے 90 ہزار لیٹر دودھ اور 75 ہزار کلو گوشت کا معائنہ کیا۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید نے بتایا کہ گجومتہ، ٹھوکر نیاز بیگ اور اڈا پلاٹ سے لاہور سپلائی ہونے والا دودھ چیک کیا گیا، جس دوران 5 ہزار 500 لیٹر پاؤڈر اور کیمیکلز سے تیار کیا گیا ملاوٹی دودھ تلف کر دیا گیا۔ اسی طرح 640 کلو بیمار اور کم وزن مرغیاں اور گوشت بھی تلف کیا گیا، جو نزلہ اور دیگر امراض میں مبتلا پائے گئے، کارروائی کے دوران 25 میٹ شاپس اور ملک سپلائرز کو مجموعی طور پر 2 لاکھ 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی کے مطابق ویٹرنری سپیشلسٹس نے برآمد شدہ بیمار مرغیوں کا تفصیلی معائنہ کیا اور قوانین کی خلاف ورزی پر بھاری جرمانے عائد کیے گئے۔ عاصم جاوید کا کہنا تھا کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیمیں تین شفٹوں میں شہر بھر میں اشیائے خورونوش کی مسلسل چیکنگ کر رہی ہیں، شہریوں کو معیاری و محفوظ خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل جاری رکھا جائے گا۔