ایم ڈی او پی ایف کا دورہ کویت،بیرون ملک ہم وطنوں کیلئے بڑےریلیف پیکج اور مراعات کا اعلان
12-28-2025
(ویب ڈیسک)مینجنگ ڈائریکٹر او پی ایم محمد افضال بھٹی نے کویت کا دورہ کیا۔جہاں انہوں نے سمندر پار پاکستانی کیلئے بڑے ریلیف پیکیج اور مراعات کا اعلان کیا ہے۔
اوورسیز پاکستانی فاؤنڈیشن (OPF) کے منیجنگ ڈائریکٹر محمد افضال بھٹی نے اپنے اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ کویت کا ایک انتہائی کامیاب اور یادگار دورہ مکمل کیا۔ اس دورے کی مکمل میزبانی پاکستان مسلم لیگ (ن) کویت نے کی، جس کی قیادت صدر میاں محمد ارشد اور سینئر نائب صدر میاں محمد زبیر شرفی نے کی۔ دورے کے آغاز پر میاں محمد ارشد اور میاں محمد زبیر شرفی نے اپنی ٹیم اور چیف پیٹرن حاجی منور حسین کے ہمراہ ایئرپورٹ پر وفد کا والہانہ استقبال کیا۔ اس موقع پر سفارت خانہ پاکستان کے کمیونٹی ویلفیئر اتاشی حمزہ توقیر بھی استقبالیہ ٹیم کے ہمراہ تھے۔ دوسری جانب سفارت خانہ پاکستان میں کمیونٹی کے اعزاز میں ایک پروقار تقریب منعقد کی گئی، جس میں سفیرِ پاکستان ڈاکٹر ظفر اقبال اور کمیونٹی ویلفیئر اتاشی حمزہ توقیر نے بھرپور تعاون کیا۔ میاں محمد ارشد اور ان کی تنظیم نے سفارتی حکام کے اس تعاون پر ان کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈی محمد افضال بھٹی نے سمندر پار پاکستانیوں کے لیے حکومتِ پاکستان کے انقلابی اقدامات کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ وفات کی صورت میں امداد 10 لاکھ روپے اور معذوری کی صورت میں 6 لاکھ روپے کر دی گئی ہے۔او پی ایف کے اداروں میں 50 فیصد اسکالرشپس جبکہ میڈیکل کالجز میں اوورسیز کا کوٹہ بڑھا کر 15 فیصد کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اسلام آباد میں قبضہ مافیا سے چھڑائے گئے پلاٹس کی شفاف بیلٹنگ آئندہ 2 سے 3 ماہ میں مکمل کر لی جائے گی۔ اسلام آباد میں خصوصی عدالتیں قائم ہو چکی ہیں جو 90 دن میں فیصلے کی پابند ہوں گی، جبکہ پنجاب بھر میں بھی یہ سلسلہ پھیلایا جا رہا ہے جبکہ سرکاری ملازمتوں کے لیے عمر کی حد میں 7 سال کا اضافہ کر دیا گیا ہے اور موبائل فون اب 4 ماہ تک بند نہیں ہوگا۔ تقریب کے اختتام پر پاکستان مسلم سنٹر (ن) کویت کی جانب سے وفد کے ارکان کو اعزازی شیلڈز پیش کی گئیں۔ میاں محمد ارشد اور میاں محمد زبیر شرفی نے ایم ڈی او پی ایف کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے کویت میں مقیم پاکستانیوں کے مسائل سنے اور ان کے حل کے لیے عملی اقدامات کی یقین دہانی کروائی۔