چاول کی قیمت میں اضافہ، 460 روپے فی کلو تک فروخت ہونے لگے
12-27-2025
(ویب ڈیسک) بڑھتی ہوئی مہنگائی نے کم آمدنی والے طبقے کی معاشی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا۔
شہر میں اچھے معیار کے چاول 380 سے 460 روپے فی کلوگرام تک فروخت ہو رہے ہیں، جس سے شہریوں کی قوتِ خرید شدید متاثر ہو رہی ہے۔ دوسری جانب آٹے کی قیمت بھی عوام کیلئے پریشانی کا باعث بنی ہوئی ہے، مارکیٹ میں 5 کلوگرام آٹے کا تھیلا 800 روپے میں دستیاب ہے، جو غریب اور متوسط طبقے کیلئے ایک بڑا بوجھ بن چکا ہے۔ اسی طرح درجہ اول کی ایک معروف کمپنی نے گھی اور کوکنگ آئل کی قیمت میں بھی 10 روپے فی کلوگرام اضافہ کر دیا ہے، جس کے بعد درجہ اول کا گھی اور آئل 590 روپے فی کلوگرام میں فروخت ہو رہا ہے۔ شہریوں نے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں مسلسل اضافے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت فوری طور پر مہنگائی پر قابو پانے کیلئے مؤثر اقدامات کرے۔ شہریوں نے خصوصاً وزیر اعلیٰ پنجاب سے اپیل کی ہے کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے قیمتوں میں کمی کو یقینی بنایا جائے۔