بارش برسانے والا سسٹم 29 دسمبر کو پاکستان میں داخل ہو گا، محکمہ موسمیات

12-27-2025

(ویب ڈیسک) محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ بارش برسانے والا سسٹم سُستی کے باعث آج کے بجائے 29 دسمبر کو پاکستان میں داخل ہو گا۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ لاہور اور پنجاب کے بیشتر علاقے بارش سے محروم رہیں گے، تاہم شمالی علاقوں میں بارش اور برف باری ہونے کا امکان ہے۔ لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 22 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے، خشک موسم کے باعث شہر میں سردی کی شدت برقرار ہے۔ دوسری جانب بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہا، صوبے کے شمالی اضلاع میں شدید سردی ریکارڈ کی گئی جبکہ ساحلی علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 2 ڈگری سینٹی گریڈ، زیارت میں منفی 3 ڈگری، ژوب میں 3 ڈگری، قلات میں 1 ڈگری اور سبی میں 8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا، اسی طرح تربت میں 12 ڈگری، نوکنڈی میں 4 ڈگری، چمن میں 3 ڈگری، گوادر میں 9 ڈگری اور جیوانی میں 10 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔ ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ لاہور میں خشک موسم کے باعث شہری نزلہ، زکام اور کھانسی جیسی بیماریوں کا شکار ہو رہے ہیں، انہوں  نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے، ماسک پہننے اور مدافعتی نظام کو مضبوط بنانے والی غذاؤں کے استعمال کا مشورہ دیا ہے۔