ڈپٹی کمشنر لاہور کا تحصیل راوی کا دورہ، میونسپل سروسز کا جائزہ لیا
12-27-2025
(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن کے تحت شروع کئے گئے "کلین لاہور مشن" اور "لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام" پر عملدرآمد تیزی سے جاری ہے۔
اسی سلسلے میں ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا نے علی الصبح تحصیل راوی کا تفصیلی دورہ کیا اور مختلف علاقوں میں میونسپل سروسز اور جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔ دورے کے موقع پر ڈپٹی چیف آفیسر میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور، اسسٹنٹ کمشنر راوی، ایل ڈبلیو ایم سی اور واسا کے اعلیٰ حکام بھی ان کے ہمراہ تھے، ڈپٹی کمشنر نے شاہدرہ، سوئی گیس چوک، محمدی محلہ، کھوکھر پنڈ اور گردونواح کی آبادیوں میں صفائی، سیوریج اور ترقیاتی سرگرمیوں کا معائنہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر لاہور نے نالوں، شاہراہوں، گلیوں، پارکس اور کھلے مقامات پر صفائی کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا، جبکہ اسسٹنٹ کمشنر راوی، واسا اور نیسپاک کے حکام نے میونسپل سروسز اور لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام کے حوالے سے بریفنگ دی، بریفنگ میں بتایا گیا کہ لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام فیز ٹو کی پیش رفت مثبت سمت میں گامزن ہے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا نے گلیوں اور شاہراہوں پر موجود تعمیراتی ملبہ فوری طور پر صاف کرنے کے احکامات جاری کئے، انہوں نے واسا حکام کو ہدایت کی کہ سیوریج سسٹم کی بہتری، نکاسی آب اور تمام مین ہولز پر کورز کی تنصیب ہر صورت یقینی بنائی جائے۔ ڈپٹی کمشنر نے ٹھیکیداروں اور نیسپاک کو ہدایت کی کہ گلیوں کی سطح درست رکھی جائے تاکہ بارش کے دوران پانی کھڑا نہ ہو، لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت جاری تمام ترقیاتی سکیمیں مقررہ ٹائم لائن کے اندر مکمل کی جائیں گی۔ ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا نے مزید کہا کہ کھلے مین ہولز سے متعلق شکایات کا ازالہ ہنگامی بنیادوں پر کیا جائے گا اور شہریوں کی سہولت اور تحفظ پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔