پرزن انفارمیشن مینجمنٹ سسٹم کے ڈیٹا انٹری آپریٹرز کی نومبر، دسمبر کی تنخواہوں کی منظوری
12-27-2025
(ویب ڈیسک) پرزن انفارمیشن مینجمنٹ سسٹم کے تحت کام کرنے والے تمام ڈیٹا انٹری آپریٹرز کی نومبر اور دسمبر کی تنخواہوں کی منظوری دے دی گئی۔
آئی جی جیل میاں فاروق نذیر نے ہدایت کی ہے کہ ڈیٹا انٹری آپریٹرز کو ان کی تنخواہیں جلد از جلد ادا کی جائیں، انہوں نے بتایا کہ پراجیکٹ میں مزید 6 ماہ کی توسیع کی منظوری بھی دے دی گئی ہے۔ آئی جی جیل کے مطابق ڈیٹا انٹری آپریٹرز کیلئے 76 ہزار روپے ماہانہ تنخواہ جبکہ سالانہ 10 فیصد اضافہ بھی منظور کر لیا گیا ہے، نئے ڈیٹا انٹری آپریٹرز کی بھرتی کے عمل کے آغاز کیلئے سمری وزیراعلیٰ پنجاب کی منظوری کیلئے بھجوا دی گئی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ وزیراعلیٰ سے منظوری ملتے ہی بھرتی کا عمل مکمل کر لیا جائے گا، تاکہ پرزن انفارمیشن مینجمنٹ سسٹم کو مزید مؤثر اور مستحکم بنایا جا سکے۔