رائیونڈ میں 62 سالہ خاتون کے اندھے قتل کا معمہ حل، داماد ہی قاتل نکلا

12-27-2025

(لاہور نیوز) رائیونڈ کے علاقے میں 62 سالہ بزرگ خاتون رئیسہ بی بی کے اندھے قتل کا معمہ پولیس نے حل کر لیا، جبکہ مقتولہ کا داماد ہی اس واردات کا مرکزی ملزم نکلا۔

ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سید ذیشان رضا  نے قتل کی واردات کا نوٹس لیتے ہوئے فوری اور مؤثر کارروائی کی ہدایت دی تھی، انچارج انویسٹی گیشن تھانہ رائیونڈ سٹی جمشید عباس  نے پولیس ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق ملزم  نے گھریلو لڑائی جھگڑے کی بنا پر اپنی ساس رئیسہ بی بی کو گلا دبا کر قتل کیا، افسوسناک پہلو یہ ہے کہ ملزم قتل کے بعد مقتولہ کی تدفین تک تمام مراحل میں پیش پیش رہا تاکہ کسی کو شک نہ ہو۔ ایس پی انویسٹی گیشن صدر کے مطابق ملزم مقتولہ کے گھر میں ہی رہائش پذیر تھا، جس کی وجہ سے واردات کو ابتدا میں قدرتی موت ظاہر کرنے کی کوشش کی گئی، ایس پی انویسٹی گیشن معظم علی کا کہنا ہے کہ ملزم کو پیشہ ورانہ مہارت اور جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے گرفتار کیا گیا۔ ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سید ذیشان رضا نے کہا کہ ملزم اب پولیس کی گرفت میں ہے اور اس کے خلاف مضبوط چالان مرتب کر کے قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی، خواتین اور بچوں پر تشدد اور قتل میں ملوث عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔ ڈی آئی جی انویسٹی گیشن کا مزید کہنا تھا کہ جرائم پیشہ عناصر سے آہنی ہاتھوں کے ساتھ نمٹا جائے گا اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔