حکومت کا صارفین کو آسان اقساط پر موبائل فونز دینے کا منصوبہ زیرغور
12-27-2025
(ویب ڈیسک) وفاقی وزارتِ انفارمیشن ٹیکنالوجی ملک میں موبائل فون کے استعمال کو فروغ دینے کیلئے ایک نئی موبائل فون لیزنگ پالیسی پر کام کر رہی ہے، جس کے تحت عوام کو آسان اقساط پر موبائل فون فراہم کئے جائیں گے۔
وفاقی وزیر برائے آئی ٹی شزا فاطمہ نے بتایا ہے کہ اس پالیسی کے حوالے سے مختلف سٹیک ہولڈرز، بالخصوص موبائل فون کمپنیوں اور ٹیلی کام آپریٹرز سے مشاورت جاری ہے، پالیسی کا ابتدائی مسودہ موبائل فون آپریٹرز کے ساتھ شیئر کر دیا گیا ہے اور وزارت کی کوشش ہے کہ جلد از جلد اسے حتمی شکل دی جائے۔ شزا فاطمہ کا کہنا تھا کہ حکومت چاہتی ہے کہ زیادہ سے زیادہ لوگ موبائل فونز اور ڈیجیٹل سہولیات تک رسائی حاصل کر سکیں، اسی مقصد کے تحت مختلف آپشنز پر غور کیا جا رہا ہے، وزارتِ آئی ٹی درآمد شدہ موبائل فونز پر ٹیکس میں کمی کے امکان پر غور کر رہی ہے، کیونکہ ٹیکس کم ہونے کی صورت میں موبائل فونز سستے ہو سکتے ہیں اور عام آدمی کی رسائی میں اضافہ ہو گا۔ ماضی کی پالیسیوں کا ذکر کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ ایک وقت میں بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو موبائل فون ٹیکس فری رجسٹریشن کی سہولت دی گئی تھی، تاہم اس سہولت کا بڑے پیمانے پر غلط استعمال شروع ہو گیا، لوگوں نے دوسروں کے پاسپورٹس استعمال کر کے موبائل فون رجسٹر کروانا شروع کر دیئے، جس کے نتیجے میں فراڈ کے کیسز میں اضافہ ہوا اور کئی ادارے بھی اس عمل میں ملوث پائے گئے۔ اسی صورتحال کے باعث فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے موبائل فون ٹیکس فری رجسٹریشن کی سہولت ختم کر دی، شزا فاطمہ کے مطابق اگرچہ حکومت ٹیکس میں کمی کی خواہاں ہے، تاہم ایف بی آر کا مؤقف ہے کہ اب زیادہ تر موبائل فونز پاکستان میں ہی تیار ہو رہے ہیں، اس لئے ٹیکس پالیسی میں تبدیلی پر مزید غور ضروری ہے۔ حکومتی حکام کا کہنا ہے کہ نئی موبائل فون لیزنگ پالیسی کے نفاذ سے عوام کو اقساط پر موبائل فون حاصل کرنے میں آسانی ہو گی، جس سے ڈیجیٹل شمولیت اور آن لائن سہولیات تک رسائی میں نمایاں بہتری آنے کی توقع ہے۔