کالجز میں اب من پسند افسران کو سرکاری رہائش گاہیں نہیں ملیں گی

12-26-2025

(لاہور نیوز) کالجز میں اب من پسند افسران کو سرکاری رہائش گاہیں نہیں ملیں گی، رہائش گاہیں الاٹ کرنے کیلئے کالج پرنسپلز کو دیئے گئے اختیار منسوخ کر دیے گئے۔

افسران، اساتذہ و ملازمین کو اب رہائش گاہ ڈی پی آئی کالجز آفس الاٹ کریگا، کالج پرنسپل کی جانب سے آئندہ کسی بھی الاٹمنٹ پر کارروائی کی جائے گی۔ ڈی پی آئی کالجز ڈاکٹر انصر  نے تمام ڈائریکٹر ایجوکیشن کو مراسلہ جاری کر دیا، کالجز میں دستیاب تمام سرکاری رہائش گاہوں کی مکمل تفصیلات بھی طلب کر لی گئیں جبکہ رہائش گاہوں کے تمام موجودہ الاٹمنٹ آرڈرز کی کاپیاں بھی فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ سرکاری رہائش گاہوں میں مقیم افسران کی تازہ ترین تنخواہ کی سلپس طلب کی گئی ہیں، جس کا مقصد مکان کرائےمیں قواعد کے مطابق کٹوتی چیک کرنا ہے۔ ڈی پی آئی کالجز ڈاکٹر سید انصر کا کہنا تھا کہ خلاف ورزی پر محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔