پنجاب میں منظم مین ہول کورز چوری کرنے والے مافیا کے متحرک ہونے کا انکشاف

12-26-2025

(لاہور نیوز) پنجاب میں منظم انداز سے مین ہول کورز چوری کرنے والے مافیا کے متحرک ہونے کا انکشاف ہو گیا۔

سیکرٹری ہاؤسنگ پنجاب نورالامین مینگل نے واسا پنجاب کو اہم احکامات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ مین ہول کورز کی چوری میں ملوث افراد کیلئے قید اور بھاری جرمانے متعارف کرائے جائیں گے، جبکہ اس مکروہ دھندے میں ملوث عناصر پر دس کروڑ روپے تک جرمانہ بھی عائد کیا جا سکے گا۔ ہدایت کی گئی ہے کہ ملوث افراد کی نشاندہی کیلئے تمام اضلاع میں سپیشل برانچ ٹیموں کی مدد لی جائے اور تمام ایم ڈی واساز اپنے اپنے اضلاع میں مافیا کا سراغ لگانے میں فعال کردار ادا کریں، خصوصی ٹیموں کے ذریعے موجودہ مین ہولز کی فوری نشاندہی اور ڈیٹا مکمل کرنے کے احکامات بھی دیئے گئے ہیں۔ نورالامین مینگل نے واضح کیا کہ مین ہول کورز کی چوری میں نشے کے عادی افراد کی نسبت منظم مافیا زیادہ ملوث ہے جو سالوں سے قانونی خلا اور کمزور نگرانی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے یہ غیر قانونی کاروبار کر رہا ہے، کھلے مین ہولز شہریوں، بالخصوص بچوں اور موٹر سائیکل سواروں کیلئے جان لیوا خطرہ ہیں، اس لئے حکومت اس معاملے پر زیرو ٹالرنس پالیسی اختیار کرے گی۔