وزیراعلیٰ کے پی کو پنجاب اسمبلی میں داخلے کی اجازت، سکیورٹی فراہم
12-26-2025
(لاہور نیوز) وزیرِاعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کو پنجاب اسمبلی میں داخلے کی اجازت مل گئی، سکیورٹی بھی فراہم کر دی گئی۔
ذرائع کے مطابق پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ نے وزیراعلیٰ کے پی سہیل آفریدی اور ان کے ہمراہ وفد کے داخلے کی باضابطہ منظوری دی، سہیل آفریدی کے ہمراہ صوبائی وزرا، کابینہ ارکان، سینیٹرز ، ایم این ایز اور اراکین اسمبلی ہیں۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ سہیل آفریدی اور ان کے وفد کی مکمل فہرست اسمبلی سکیورٹی کو فراہم کر دی گئی، پنجاب اسمبلی میں سہیل آفریدی اپوزیشن ارکان سے ملاقات اور خطاب کریں گے۔ قبل ازیں وزیراعلیٰ سہیل آفریدی قافلے کی شکل میں لاہور کے لیے روانہ ہوئے، ڈپٹی سپیکر کے پی، ارکان صوبائی و قومی اسمبلی قافلے میں شامل ہیں، ان کے کوٹ لکھپت جیل جانے کا بھی امکان ہے۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا لاہور میں سیاسی و دیگر سرگرمیوں میں شرکت کریں گے، اسیر رہنماؤں کے گھروں کا دورہ بھی کریں گے، دورہ لاہور کے دوران سہیل آفریدی کئی اہم پارٹی رہنماؤں سے ملاقاتیں کریں گے۔ بتایا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی لاہور ہائی کورٹ میں منعقدہ تقریب میں بھی شرکت کا امکان ہے اور وہ بانی پی ٹی آئی کے رہائشی علاقے زمان پارک بھی جائیں گے۔