فوڈ اتھارٹی کا کریک ڈاؤن، بچوں کی پسندیدہ نمکو سنیکس میں جعلسازی بے نقاب
12-26-2025
(لاہور نیوز) فوڈ سیفٹی ٹیموں نے اٹاری سروبا میں کارروائی کرتے ہوئے بچوں کی پسندیدہ نمکو سنیکس میں جعلسازی کرنے والا یونٹ بند کر دیا۔
کارروائی کے دوران استعمال شدہ اور ناقص آئل میں نمکو تیار کی جا رہی تھی، جس پر 2 من استعمال شدہ آئل، ممنوعہ رنگ، امونیا اور کھلے مصالحے تلف کر دیئے گئے۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید کے مطابق یونٹ میں صفائی کے انتہائی ناقص انتظامات تھے، دیواروں پر جالے، گندگی اور بدبودار ماحول میں نمکو تیار کی جا رہی تھی، حفظانِ صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے یونٹ بغیر لائسنس کام کر رہا تھا، جبکہ ٹوٹے فرش پر نمکو مکس اور بغیر لیبل پیک کی جا رہی تھی۔ معائنے کے دوران ناقص آئل میں فرائنگ، زنگ آلود برتن، نان فوڈ گریڈ برش کا استعمال اور ملازمین کی جانب سے قوانین کے خلاف انگوٹھیاں پہننے کا انکشاف ہوا۔ فوڈ ہینڈلرز کے میڈیکل اور ٹریننگ سرٹیفکیٹس بھی موجود نہیں تھے۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے واضح کیا کہ بچوں کیلئے تیار کی جانے والی خوراک میں کسی قسم کی خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی اور ملاوٹ و جعلسازی میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی جاری رہے گی، انہوں نے شہریوں کو ہدایت کی کہ اشیاء کی خرید سے قبل جانچ یقینی بنائیں اور شکایت کی صورت میں 1223 پر اطلاع دیں۔