لاہور رنگ روڈ پر چنگچی رکشوں کی ریس، ویڈیو وائرل
12-26-2025
(ویب ڈیسک) لاہور رنگ روڈ پر چنگچی رکشوں کی ریس لگانے کا واقعہ سامنے آ گیا، جس کی ویڈیو بھی منظرِ عام پر آ چکی ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ چنگچی رکشے اور موٹر سائیکل سوار رنگ روڈ پر تیز رفتاری سے ریس لگا رہے ہیں، حالانکہ رنگ روڈ پر رکشوں اور موٹر سائیکلوں کے داخلے پر پابندی عائد ہے۔ ذرائع کے مطابق چنگچی رکشوں نے موٹر سائیکلوں کے ساتھ محمود بوٹی سے ہربنس پورہ تک ریس لگائی، تاہم راستے میں نہ ٹول پلازہ عملے اور نہ ہی ٹریفک پولیس نے انہیں روکا، حیران کن طور پر پولیس اس سرگرمی سے لاعلم رہی۔ یاد رہے کہ رنگ روڈ پر پیدل کراس کرنے پر ٹریفک پولیس مقدمات درج کر چکی ہے، لیکن اس واقعے میں خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کوئی کارروائی نظر نہیں آئی۔ ویڈیو میں مختلف موٹر سائیکل سواروں کو شرطیں لگاتے ہوئے بھی دیکھا جا سکتا ہے، جس سے سکیورٹی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی پر سوالات اٹھ گئے ہیں۔