لاہور رنگ روڈ پر کاروں و جیپوں سمیت دیگر وہیکلز کے ٹول ٹیکس میں اضافہ
12-25-2025
(لاہور نیوز) لاہور رنگ روڈ اتھارٹی نے شہریوں پر مزید مالی بوجھ ڈالتے ہوئے نادرن اور سدرن لوپس کے ساتھ ساتھ ایسٹرن بائی پاس پر ٹول ٹیکس میں 16.67 فیصد اضافے کا اعلان کر دیا۔
پرو پاکستانی کے مطابق نئی شرحوں کے تحت کاروں اور جیپوں کے لیے ٹول ٹیکس 60 روپے سے بڑھا کر 70 روپے کر دیا گیا ہے جبکہ ہائی ایس اور ویگن مالکان کو اب 120 کے بجائے 140 روپے ادا کرنا ہوں گے، اسی طرح منی بسوں اور کوسٹرز کے لیے بھی ٹول 120 سے بڑھا کر 140 روپے مقرر کر دیا گیا ہے۔ بسوں کے ٹول ٹیکس میں بھی نمایاں اضافہ کیا گیا ہے، جو اب 300 روپے سے بڑھ کر 350 روپے ہو گیا ہے، بھاری گاڑیوں کے لیے بھی نئی شرحیں نافذ کر دی گئی ہیں۔ دو سے تین ایکسل والی لوڈر ٹرک، ڈمپرز اور پک اپس کے لیے ٹول 360 روپے سے بڑھا کر 420 روپے مقرر کیا گیا ہے جبکہ تین سے زائد ایکسل والے ٹرکوں اور ٹریلرز کو اب 600 کے بجائے 700 روپے ٹول ادا کرنا ہوگا۔ لاہور رنگ روڈ اتھارٹی کے مطابق ٹول ٹیکس میں اضافے کا مقصد سڑکوں کی دیکھ بھال، آپریشنل اخراجات اور سہولیات میں بہتری لانا ہے، اتھارٹی نے واضح کیا ہے کہ بعض گاڑیاں ٹول ٹیکس سے مستثنیٰ ہوں گی، ان میں ایمبولینسز، دفاعی گاڑیاں، فائر فائٹنگ وہیکلز، جنازہ گاڑیاں، پولیس گاڑیاں، فلیگ کارز اور ضروری خدمات کے لیے استعمال ہونے والی گاڑیاں شامل ہیں۔ اس کے علاوہ ایوانِ صدر، وزیر اعظم سیکرٹریٹ، گورنر ہاؤس، وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ اور پاکستان کے سرکاری دورے پر آئے غیر ملکی معززین کی گاڑیاں بھی ٹول سے مستثنیٰ قرار دی گئی ہیں۔