عظمیٰ بخاری کی یومِ قائداعظم، کرسمس اور نواز شریف کی سالگرہ پر قوم کو مبارکباد

12-25-2025

(لاہور نیوز) وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے پوری قوم کو قائداعظم محمد علی جناح کے یومِ ولادت کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ قائداعظم کی ولولہ انگیز قیادت اور سیاسی بصیرت کی بدولت ہمیں پاکستان جیسی عظیم نعمت حاصل ہوئی، قائداعظم کے ایمان، اتحاد اور تنظیم کے رہنما اصول آج بھی ہمارے لیے مشعلِ راہ ہیں۔

عظمیٰ بخاری نے قائد مسلم لیگ (ن) میاں محمد نواز شریف کو ان کی سالگرہ پر دلی مبارکباد دیتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ انہیں صحت کے ساتھ طویل عمر عطا فرمائے، قائد پاکستان میاں محمد نواز شریف کی قیادت میں ملک ترقی اور خوشحالی کی نئی منازل طے کرتا رہے گا۔ وزیر اطلاعات پنجاب نے دنیا بھر میں بسنے والے مسیحی بہن بھائیوں کو کرسمس کی خوشیوں پر بھی مبارکباد پیش کی اور کہا کہ اقلیتیں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے لیے سر کا تاج ہیں جن پر حکومت خصوصی توجہ دے رہی ہے، پنجاب حکومت اقلیتوں کو یکساں مواقع اور مکمل تحفظ فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا  کہ لبرٹی چوک پر نصب 42 فٹ بلند کرسمس ٹری وزیراعلیٰ پنجاب کی مسیحی برادری سے محبت اور یکجہتی کا عملی اظہار ہے، وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر تاریخ میں پہلی بار صوبے بھر میں شاندار چراغاں اور سجاوٹ کا خصوصی اہتمام کیا گیا۔ مزید برآں عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ قائداعظم کے احسانِ عظیم کی بدولت آج ہم ایک آزاد اور خودمختار قوم ہیں اور ہمیں اس نعمت کی قدر کرنی چاہیے۔