شہریوں کو لوٹنے والا دو رکنی گینگ گرفتار، واردات کی ویڈیو بھی سامنے آگئی

12-25-2025

(لاہور نیوز) گلشن اقبال پولیس نے اسلحہ کے زور پر شہریوں کو لوٹنے والے دو رکنی بین الصوبائی اور بین الاضلاعی ڈکیٹ گینگ کو گرفتار کر لیا۔

ایس ایچ او گلشن اقبال انسپکٹر ضیاء الحق نے پولیس ٹیم کے ہمراہ بہترین کارروائی کی۔ ملزمان تھانہ گلشن اقبال کی حدود میں شہری کی دکان میں مسلح داخل ہوئے موبائل اور نقدی چھینی۔ ملزمان اسامہ اور عبداللہ نے دو مختلف جگہ پر شاپ رابری میں دو افراد کو فائر مار کر زخمی بھی کیا تھا۔ ایس پی اقبال ٹاؤن ڈاکٹر محمد عمر نے بتایا کہ واردات کی ویڈیو بھی سامنے آگئی جس میں ملزمان کو دکاندار کو گولی مار کر زخمی کر کے بھاگتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ ملزمان اسامہ اور عبداللہ سے وارداتوں کے درجنوں مقدمات ٹریس ہوگئے۔ ملزمان نے لاکھوں روپے نقدی، موٹر سائیکلیں اور لاکھوں روپے مالیت کی اشیاء چھیننے کا انکشاف کیا۔ ایس پی اقبال ٹاؤن نے بتایا کہ ملزمان سے دینہ، جہلم اور شیخوپورہ سے چھینی ہوئی 2 موٹر سائیکل برآمد کی گئیں جبکہ ملزمان سے آئی فونز سمیت مختلف ماڈل کے 7 موبائلز، لیپ ٹاپ اور نقدی برآمد کی گئی۔ ملزمان اسلحہ کے زور پر مختلف علاقوں میں میڈیکل سٹور اور دکانوں کو لوٹتے تھے۔ ملزمان اسامہ اور عبداللہ کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید انٹیروگیشن کے لیے انویسٹی گیشن کے حوالے کر دیا گیا۔ ایس پی ڈاکٹر محمد عمر نے ایس ایچ او گلشن اقبال ضیاء الحق اور پولیس ٹیم کو شاباش و تعریفی اسناد دیے۔ انکا کہنا تھا کہ اسٹریٹ کرائم کو کنٹرول کرنا اولین ترجیحات میں شامل ہے۔