ٹیوٹا کے 80 طلبا کو سعودی عرب میں ملازمت فراہم
12-24-2025
(لاہور نیوز) ٹیوٹا کے 80 ہونہار طلبا کو سعودی عرب میں ملازمت فراہم کر دی گئی۔
یہ ملازمتیں فائر الارم ٹیکنیشن اور فائر پروٹیکشن ٹیکنیشن کے طور پر دی گئی ہیں اور ان طلبا کو سعودی عرب میں کام کرنے کے لئے جاب آفر لیٹرز دینے کی تقریب جی سی ٹی ریلوے روڈ میں منعقد ہوئی۔ تقریب میں صوبائی وزیر مواصلات ملک صہیب احمد بھرت بطور مہمان خصوصی شریک تھے، جبکہ سیکرٹری سکل ڈویلپمنٹ نادر چھٹہ اور سی او او ٹیوٹا فیصل فرید بھی موجود تھے، اس موقع پر ٹیوٹا کے دیگر افسران، بشمول اختر عباس بھروانہ، عامر عزیز، معاذ سلیم اور عظمی نادیہ بھی شریک ہوئے۔ سیکرٹری سکل ڈویلپمنٹ نادر چھٹہ نے بتایا کہ یہ 80 طلبا سعودی عرب میں فائر الارم ٹیکنیشن اور فائر پروٹیکشن ٹیکنیشن کے طور پر کام کریں گے اور انہیں ماہانہ سولہ سو سے اٹھارہ سو ریال تک کی تنخواہ ملے گی، ان طلبا کو دو ماہ کی ٹیکنیکل، سافٹ سکلز اور پری ڈیپارچر ٹریننگ فراہم کی گئی ہے۔ ملک صہیب احمد بھرت نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹیوٹا اپنے طلبا کو بیرون ملک ملازمت کی فراہمی کے لئے تمام وسائل بروئے کار لا رہا ہے اور یہ طلبا محنت کرکے پاکستان کا نام روشن کریں گے۔ اس موقع پر وزیر مواصلات نے پنجاب حکومت کی کامیاب کارکردگی کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ پنجاب حکومت نے ڈیڑھ سال کے دوران 20 ہزار کلومیٹر سٹرکوں کا جال بچھایا، جبکہ وزیر اعلی پنجاب نے 400 ارب روپے کی ری ٹینڈرنگ کی ہے، محکمہ مواصلات نے ٹھیکیداروں کی اجارہ داری توڑ کر 70 ارب روپے کی بچت کی ہے۔